1967سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ اور القدس الشریف کے بطو رفلسطینی ریاست کا قیام پاکستان کی مشرق وسطی کی پالیسی کی بنیاد ہے اور رہے گی
پاکستان کی سب سے اہم ترجیح غزہ پر مسلط کی گئی نسل کشی کی مہم کو فوری طور پر روکنا تھا، امن کیلئے صدر ٹرمپ کے منفرد کردار کی تعریف کرتے رہیں گے
اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کی آزادی، وقار اور خوشحالی پاکستان کیلئے بنیادی اہمیت کی حامل ہے، پاکستان کی سب سے اہم ترجیح غزہ پر مسلط کی گئی نسل کشی کی مہم کو فوری طور پر روکنا تھا، ہم امن کیلئے صدر ٹرمپ کے منفرد کردار کی تعریف کا اظہار کرتے رہیں گے۔سماجی رابطوں کے نیٹ ورک ایکس (سابقہ ٹوئٹر )پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ اب میں شرم الشیخ میں غزہ امن سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپسی کیلئے ہوائی جہاز پر سوار ہو رہا ہوں، میں ممکنہ طور پر اس بڑی تبدیلی کی نوعیت کے بارے میں اپنے کچھ تاثرات بتانا چاہتا ہوں کہ یہ کیسے ممکن ہوا اور پاکستان کا کیوں اس سے بہت گہرا تعلق رہا ہے۔وزیراعظم نے لکھا کہ پاکستان کی سب سے اہم ترجیح غزہ پر مسلط کی گئی نسل کشی کی مہم کو فوری طور پر روکنا تھا، دیگر برادر اقوام کے ساتھ مل کر اس ترجیح کو تسلسل کے ساتھ بیان کیا گیا اور تقویت دی گئی۔ان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کیلئے ہمارا شکریہ اس بات کی بنا پر ہے کہ وہ اسے روکیں گے، اور اس وعدے کو پورا کریں گے، ہم امن کے لیے صدر ٹرمپ کے منفرد کردار کی تعریف کا اظہار کرتے رہیں گے۔وزیراعظم نے لکھا کہ 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ اور القدس الشریف کے بطور اس کے دار الخلافہ ہونے کے ایک مضبوط اور قابل عمل فلسطینی ریاست کا قیام پاکستان کی مشرق وسطی کی پالیسی کی بنیاد ہے اور رہے گی