افغان قابض رجیم میرے سامنے دہشت گردوں کی موجودگی کا اعتراف کرچکی ،جن مہاجرین کے پاس دستاویزات نہیں واپس بھجوائیں گے
دھمکانے کے ساتھ مذاکرات کی بات کرنے والے افغان طالبان پہلے دھمکی پر عمل کرلیں، اس کے بعد مذاکرات بھی کرلیں گے :وزیردفاع
اسلا م آباد(آئی این پی )وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغان قابض رجیم میرے سامنے دہشت گردوں کی موجودگی کا اعتراف کرچکی ہے، افغان طالبان دھمکی دیتے ہیں اور مذاکرات کی بات بھی کرتے ہیں،دھمکانے کے ساتھ مذاکرات کی بات کرنے والے افغان طالبان پہلے دھمکی پر عمل کرلیں، اس کے بعد مذاکرات بھی کرلیں گے۔ اپنے انٹرویو ز میں خواجہ آصف نے کہا کہ اگر کسی ملک سے حملہ ہوتا ہے تو جواب کا حق مل جاتا ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے کسی افغان شہری آبادی کو نشانہ نہیں بنایا، افغان وزیر خارجہ امیر متقی پر کون یقین کرے گا۔وزیردفاع نے واضح کیا کہ افغانستان کی سرزمین مختلف دہشت گرد گروہوں کی پناہ گاہ ہے، شہری آبادی کو نہیں بلکہ صرف دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو تباہ کیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت کی ذمہ داری وفاق کی ہے صوبوں کی نہیں،افغان مہاجرین کے انخلا کا معاملہ وفاقی ہے اسے وفاق ہی طے کرے گا، جن کے پاس دستاویزات نہیں، ہمیں اختیار حاصل ہے کہ ان کو واپس بھجوائیں۔