وزیرِ اعظم کیلئے نیا طیارہ نہیں خریدا گیا،سولر انرجی پر جانا بہتر ہے لیکن ہاتھ بندھے ہیں خواجہ آصف

 پرانے جہاز کو ہی ریفربش کیا گیا ہے‘ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے پاس بھی سرکاری جہاز موجود ہیں ‘ اس نوعیت کے بیانات دینا مناسب نہیں:وزیردفاع
حکومت نے ٹارگٹڈ سبسڈی کا اعلان کیا ہے تاکہ مستحق طبقات تک براہ راست ریلیف پہنچایا جا سکے ‘پنجاب میں کسان کارڈ کے ذریعے سبسڈی دی جا رہی ہے:وزیرخزانہ
اسلام آباد(آن لائن)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے  وزیراعظم نے کوئی نیا جہاز نہیں خریدا بلکہ پرانے جہاز کو ہی ریفربش کیا گیا ہے۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا  حکومت نے ٹارگٹڈ سبسڈی کا اعلان کیا ہے تاکہ مستحق طبقات تک براہ راست ریلیف پہنچایا جا سکے، پنجاب میں کسان کارڈ اور سندھ میں ہاری کارڈ کے ذریعے سبسڈی دی جا رہی ہے۔وہ منگل کو یہاں قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کر رہے تھے۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی معاشی پالیسیوں، اخراجات اور توانائی بحران سے متعلق اہم بیانات سامنے آئے، وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپوزیشن کے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے کہا  وزیراعظم نے کوئی نیا جہاز نہیں خریدا بلکہ پرانے جہاز کو ہی ریفربش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے پاس بھی سرکاری جہاز موجود ہیں اور اس نوعیت کے بیانات دینا مناسب نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں جانب ذمہ دار افراد موجود ہیں اور گفتگو میں سنجیدگی ہونی چاہیے۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایوان کو بتایا کہ حکومت کو حکومتی و اپوزیشن بینچز سے تعمیری تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے 129 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی گئی جبکہ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام(پی ایس ڈی پی) میں 100 ارب روپے کی کٹوتی کی گئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے ٹارگٹڈ سبسڈی کا اعلان کیا ہے تاکہ مستحق طبقات تک براہ راست ریلیف پہنچایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ زراعت کے شعبے میں بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں، پنجاب میں کسان کارڈ اور سندھ میں ہاری کارڈ کے ذریعے سبسڈی دی جا رہی ہے، جبکہ گورنرز کی بینکوں کے ساتھ میٹنگز بھی ہو چکی ہیں تاکہ یہ سہولیات مؤثر انداز میں منتقل کی جا سکیں