حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد میں واقع لغاری گوٹھ میں آتش بازی کے ایک کارخانے میں زبردست دھماکہ ہوا، جس نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔
دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ارد گرد کے علاقے بھی ہل گئے اور خوفناک آواز دور دور تک سنائی دی۔ اس واقعے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ کئی دیگر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔دھماکے کے بعد کارخانہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور اس کے اطراف میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جسے بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق، زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور واقعہ کی تفصیلی رپورٹ جمع کر رہی ہے۔ علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور لوکل انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے صورت حال کو قابو میں لانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔