میکسیکو میں مذہبی میلے کے دوران آتش بازی کے سامان میں دھماکا، 10 افراد ہلاک، 64 زخمی

میکسیکو میں مذہبی میلے کے دوران آتش بازی کے سامان میں دھماکا، 10 افراد ہلاک، 64 زخمی

میکسیکو سٹی: میکسیکو میں مذہبی میلے کے دوران آتش بازی کے سامان میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 64 زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ وسطی میکسیکو کی ریاست میکسیکو کے علاقے تیمسکال سنگو میں پیش آیا، جہاں ہفتے کی رات چرچ کے قریب مذہبی تقریبات جاری تھیں اور بڑی تعداد میں لوگ آتش بازی دیکھنے کے لیے جمع تھے۔مقامی حکام کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ چرچ کی ایک دیوار بھی منہدم ہوگئی، جبکہ متعدد افراد ملبے اور دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہوئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک روایتی آتش بازی والی بیل سے نکلنے والی آگ نے ممکنہ طور پر چرچ میں ذخیرہ کیے گئے مزید آتش بازی کے سامان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے بعد زور دار دھماکا ہوا۔

تاہم حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی حتمی وجہ تاحال واضح نہیں اور واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کردی گئی ہیں تاکہ دھماکے کے اصل اسباب کا تعین کیا جاسکے۔زخمیوں میں دو پادری بھی شامل ہیں، جبکہ بچوں اور بزرگوں سمیت متعدد زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔