ملائیشیا ہمارا دوسرا گھر ہے، حلال گوشت کی تجارت مزید وسعت دیں گے: وزیراعظم شہباز شریف

ملائیشیا ہمارا دوسرا گھر ہے، حلال گوشت کی تجارت مزید وسعت دیں گے: وزیراعظم شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملائیشیا پاکستان کا دوسرا گھر ہے، دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات پائے جاتے ہیں اور ہم انہیں مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔

ملائیشیا کے وزیر اعظم محمد انور ابراہیم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ملائیشیا کے عوام اور حکومت کی جانب سے والہانہ استقبال پر شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کو ترقی یافتہ بنانے میں انور ابراہیم کا کردار نمایاں ہے، جبکہ ان کا پاکستان کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے یادگار رہا۔شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مثبت اور تعمیری بات چیت ہوئی، پاکستان ملائیشیا کے تجربات سے سیکھنے اور مشترکہ منصوبوں کے آغاز کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں پاکستانی طلبا ملائیشیا میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا مضبوط ثبوت ہے۔وزیر اعظم نے پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت کے حلال گوشت کی برآمد کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حلال گوشت کی تجارت کو وقت کے ساتھ مزید وسعت دی جائے گی۔

انہوں نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کی کتاب "اسکرپٹ" کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب اسلام آباد اور کوالالمپور کے درمیان فکری اور ثقافتی پل کا کردار ادا کرے گی۔اس موقع پر انور ابراہیم نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں، اور خطے میں پائیدار استحکام کے لیے پاک بھارت امن نہایت اہم ہے۔قبل ازیں وزیر اعظم آفس آمد پر ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا، انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔