عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل میں کھانا نہ دینے کا بیان بے بنیاد ہے:عظمیٰ بخاری

عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل میں کھانا نہ دینے کا بیان بے بنیاد ہے:عظمیٰ بخاری

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے حوالے سے الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے، جن میں کہا گیا تھا کہ ان دونوں کو جیل میں کھانا نہیں دیا جا رہا۔

عظمیٰ بخاری نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل میں مکمل کھانے پینے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔وزیرِ اطلاعات نے وضاحت کی کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو ہفتے میں تین دن گوشت، سبزیاں، دالیں اور چقندر کا جوس دیا جا رہا ہے، علاوہ ازیں انہیں کافی، ابلے ہوئے انڈے اور خشک میوے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ بشریٰ بی بی کو کھانے کے لیے جو چیز چاہیئے، وہ ان کو مہیا کی جا رہی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ تحریکِ انصاف کے ترجمان نے چند روز قبل بانیٔ پی ٹی آئی کی بیماری سے متعلق جھوٹا دعویٰ کیا تھا، لیکن پمز کے چار سینئر ڈاکٹروں کی ٹیم نے عمران خان کا طبی معائنہ کیا اور انہیں مکمل صحت مند قرار دیا۔انہوں نے پاکستان تحریکِ انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب پی ٹی آئی کے پاس کوئی اور جواز نہیں بچتا، تو وہ مظلومیت اور ہمدردی کے بیانیے کو استعمال کرنا شروع کر دیتی ہے۔