میٹرو بس: گجومتہ سے چونگی کے سٹیشنز کی سولرائزیشن کافیصلہ

سولر سسٹم کی تنصیب سے کوریڈور کی توانائی کی لاگت میں نمایاں کمی کا امکان
لاہور (خصوصی رپورٹ) شہر کے سب سے مصروف ماس ٹرانزٹ کوریڈور کو تین مختلف پیکجز میں تقسیم کر کے کام کا شیڈول اور تخمینہ لاگت فائنل کر لی گئی ہے۔پیکیج ون میں گجومتہ سے چونگی امرسدھو تک کے سٹیشنز کو شامل کیا گیا ہے، جہاں سولرائزیشن کا کام کیا جائے گا۔ اس پیکیج کی مجموعی تخمینہ لاگت 61 کروڑ 15 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ سولر سسٹم کی تنصیب سے کوریڈور کی توانائی لاگت میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔پیکیج ٹو میں غازی روڈ سٹیشن سے کلمہ چوک سٹیشن تک موجود انفراسٹرکچر کی جامع بحالی شامل ہے۔ یہاں پلیٹ فارمز، شیلٹرز اور انفارمیشن سسٹمز کی اپ گریڈیشن کی جائے گی، جس پر 54 کروڑ 26 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔ ایل ڈی اے کے مطابق یہ سیکشن مسافروں کے زیادہ رش کی وجہ سے ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا گیا ہے۔پیکیج تھری میں کینال سٹیشن سے ایم اے او کالج تک کے تمام سٹیشنز کو جدید سہولیات سے لیس کیا جائے گا۔ اس حصے کے لیے 71 کروڑ 18 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔