میٹرو بس سٹیشنز کوسولر پر منتقل کرنے کا منصوبہ منظور

25 سٹیشن کی بحالی کا کام کیا جائے گا،ڈیزائن کی ذمہ داری نیسپاک کو تفویض 
لاہور (کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ مریم نواز نے میٹرو بس گرین لائن سٹیشنز کی بحالی اور سولرائزیشن منصوبے کی منظوری دے دی۔ماس ٹرانزٹ سسٹم کو جدید اور ماحول دوست بنانے کیلئے اہم فیصلے کر لئے گئے۔محکمہ ٹرانسپورٹ نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو مراسلہ جاری کر دیا۔لاہور میٹرو بس سروس کے گرین لائن سٹیشنز کی بحالی، تزئین و آرائش اور سولرائزیشن کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔سٹیشنز کی بحالی کا ڈیزائن بنانے کی ذمہ داری نیسپاک کو تفویض کر دی گئی۔ قذافی اور شاہدرہ سٹیشن کے علاوہ 25 سٹیشن کی بحالی کا کام کیا جائے گا۔ نیسپاک سٹیشنز کی بحالی، ری ماڈلنگ اور سولرائزیشن کے لئے جامع لاگت کا تخمینہ تیار کرے گا،تخمینہ موصول ہونے کے بعد پی ایم اے سمری صوبائی کابینہ کو منظوری کیلئے پیش کریگی،صوبائی کابینہ میٹرو بس کے لئے ضمنی گرانٹ کے ذریعے فنڈز مختص کرے گی۔