نابینا افراد کا دھرنا ،احتجاج جاری رکھنے کا اعلان

 مذاکرات میں پیشرفت نہ ہو سکی،چیئرنگ کراس اور اطراف کے تمام علاقوں میں ٹریفک کا نظام شدید متاثر ، شہری پریشان 
لاہور (کرائم رپورٹر )نابینا افراد کا لاہور کے مال روڈ پر دھرنا چوتھے روز میں داخل ہو گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے بات چیت میں کوئی پیشرفت نہ ہو سکی، دھرنے کے باعث چیئرنگ کراس اور اطراف کے تمام علاقوں میں ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا ، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔پنجاب بھر سے بصارت سے محروم افراد مال اور چیئرنگ کراس پر دھرنے میں موجود ہیں۔نابینا افراد کا کہنا ہے کہ وہ باعزت، باوقار اور مستقل روزگار کے حصول کے لیے پرامن دھرنا دے رہے ہیں۔ چیئرمین نابینا افراد پنجاب عبدلشکور نے کہا کہ اگر اس بار بھی ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ اپنے احتجاج سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور دھرنا جاری رہے گا۔نابینا افراد کا کہنا ہے کہ وہ اس ملک کے پڑھے لکھے شہری ہیں اور ان کا حق ہے کہ انہیں مستقل بنیادوں پر روزگار فراہم کیا جائے تاکہ وہ خوددار زندگی گزار سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی قسم کی خیرات یا وقتی امداد نہیں چاہتے بلکہ پائیدار اور باوقار روزگار کے مواقع چاہتے ہیں۔دھرنے کے شرکاء نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ذاتی طور پر اس مسئلے کا نوٹس لیں اور نابینا افراد کے مطالبات کو فی الفور تسلیم کر کے ان کے روزگار کے معاملات حل کریں۔