نابینا افراد پھر سڑکوں پر آگئے ، دھرنا

 دھرنے سے ٹریفک بلاک ،پولیس سے مذاکرات کے بعد مظاہرین نے مشروط طور پر دھرنا ختم کر دیا
لاہور(کرائم رپورٹر)نابینا افراد اپنے مطالبات کے حق میں ایک بار پھر سڑکوں پر آگئے ،لاہورمیں پریس کلب کے باہر دھرنا،ٹریفک کا نظام درہم برہم ، پولیس سے مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کر دیا اور مطالبات کی عدم منظوری کی صورت میں 10نومبر کو دوبارہ سڑکوں پر آنے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق نابینا افراد مستقل روزگار سمیت دیگر مطالبات پورے نہ ہونے پر ایک بار پھر سراپا احتجاج بن گئے، گزشتہ روز نابینا افراد کی بڑی تعداد نے شملہ پہاڑی لاہور پریس کلب کے باہر سڑک پر دھرنا دے کر ٹریفک بلاک کر دی، مظاہرین اس دوران مطالبات کیحق میں نعرے بھی لگاتے رہے۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری ظہران خان نے مطالبہ کیا کہ ہمیں سرکاری خالی سیٹوں پر مستقل روزگار فراہم کیا جائے ،یہ ہمارا حق ہے۔دریں اثنا پولیس حکام نے دھرنا ختم کرانے کیلئے مظاہرین سے مذاکرات کئے جس پر نابینا افراد نے مشروط دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو 10نومبر کو دوبارہ سڑکوں پر آئیں گے۔