منصوبے کی تکمیل سے پاکستان،عمان معاشی تعاون مزید مضبوط ہوگا، دونوں ممالک جلد فیری لنک کے قیام کیلئے مفاہمت نامے پر دستخط کریں گے: وفاقی وزیر
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چودھری نے کہا ہے وفاقی کابینہ نے گوادر سے عمان تک فیری سروس کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے جس کے بعد دونوں ممالک بہت جلد فیری لنک کے قیام کے لیے مفاہمت نامے پر دستخط کریں گے۔انہوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ سروس کے آغاز کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دینے کی غرض سے ایک اعلی سطح کا عمانی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ گوادر عمان فیری سروس کے آغاز سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ ہوگا جب کہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔