پی ٹی آئی کے کسی رکن نے ترمیم کیخلاف ووٹ نہیں دیا: پرویز رشید

 صرف دو ججوںنے اعتراض کیا ہے ، کسی دوسرے جج نے ان کی اس بات کو تسلیم نہیں کیا
 دو لوگوں کی کہی بات پر نہیں کہہ سکتے  کوئی تحریک چل جائے گی:مسلم لیگ ن کے سینیٹر کا انٹرویو
اسلام آباد(آئی  این پی)  مسلم لیگ ن کے سینیٹر پرویز رشید  نے کہا ہے  آئینی ترمیم تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے ہوئی ہے، خود پی ٹی آئی کے کسی رکن نے اس ترمیم کے خلاف ووٹ نہیں کیا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں دو درجن کے قریب جج حضرات ہیں، ہائی کورٹس کے ججز حضرات کو شامل کیا جائے تو تعداد سیکڑوں کی بن جاتی ہے، ان میں سے صرف دو جج حضرات نے اعتراض کیا ہے۔پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ایک اعتراض یہ ہے کہ آئین کو ختم کر دیا گیا، دوسرا اعتراض ہے سپریم کورٹ کے ٹکڑے کر دئیے گئے، ان دونوں اعتراضات سے دیگر ججز اختلاف کرتے ہیں، کسی دوسرے جج نے ان کی اس بات کو تسلیم نہیں کیا۔ن لیگی  سینیٹر نے کہا کہ انہوں نے اپنے کام کو جاری رکھنا مناسب سمجھا ہے، اس سے یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ نہ آئین کو نقصان پہنچا نہ ہی سپریم کورٹ کو ٹکڑوں میں تقسیم کیا گیا۔ صرف دو لوگوں کی کہی بات پر نہیں کہہ سکتے کہ کوئی تحریک چل جائے گی