میرے والد کو فوت ہوئے6ماہ ہوگئے‘اب بھی ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے میسج آتے ہیں
اسلام آباد(آن لائن) ایوان بالا میں پیپلز پارٹی کی سینیٹر پلوشہ محمد زئی نے کہا کہ ایف بی آر نے عالم ارواح میں بھی دفتر قائم کر لیا ہے اور میرے مرحوم والد کو بھی ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے میسجز آتے ہیں۔جمعہ کو سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر پلوشہ نے کہاکہ ایف بی آر کی کارکردگی بہت بہتر ہوگئی ہے اور اب میرے والد جو چھ ماہ قبل فوت ہوگئے تھے کے موبائل نمبر پر روزانہ میسج آتا ہے کہ ٹیکس ریٹرن فائل نہیں کیا ہے انہوں نے کہاکہ ہم نے والد کے وفات کے حوالے سے سرٹیفیکیٹ بھی جمع کرایا ہے تاہم لگتا ہے کہ عالم ارواح میں بھی ایف بی آر نے دفتر کھول لیا ہے جس پر وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہاکہ بہتری کی گنجائش ہر جگہ موجود ہوتی ہے۔