ویب ڈیسک:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہنگری کے وزیر داخلہ اور شمالی مقدونیہ کے وزیر داخلہ سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔
محسن نقوی نے ہنگری کے وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا اور 7ویں وزارتی کانفرنس کے لیے بہترین انتظامات اور مہمان نوازی کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات کے مزید فروغ کے لیے وفود کے تبادلے ضروری ہیں۔ ہنگری کے وزیر داخلہ نے پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت قبول کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اعلیٰ سطح کا وفد جلد پاکستان بھیجا جائے گا۔اسی دوران، محسن نقوی نے شمالی مقدونیہ کے وزیر داخلہ سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔ دونوں وزیروں نے وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ محسن نقوی نے شمالی مقدونیہ کے وزیر داخلہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جسے وزیر داخلہ شمالی مقدونیہ نے خوشی سے قبول کیا اور شکریہ ادا کیا۔یہ ملاقاتیں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مزید استحکام اور تعاون کے دروازے کھولنے کے لیے اہم قدم ثابت ہو سکتی ہیں۔