ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگری میں وزارتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امن کے قیام کے لیے تمام ممالک کو اپنے اپنے کردار ادا کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کو آج کئی سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں طویل تنازعات، اقتصادی عدم استحکام اور موسمیاتی تبدیلی شامل ہیں، جن کی وجہ سے عالمی سطح پر امیگریشن کے نئے رجحانات اور بہاؤ سامنے آئے ہیں۔محسن نقوی نے اپنی تقریر میں انسانی سمگلنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس کے تدارک کے لیے عوامی شعور بڑھانا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے سرحدی کنٹرول کو مضبوط بنا رہا ہے اور اس ضمن میں علاقائی و بین الاقوامی تعاون کو بڑھانے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی سطح پر اس قسم کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے یکجہتی اور اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ انسانیت کو درپیش اس سنگین مسئلے کا حل نکالا جا سکے۔محسن نقوی نے عالمی فورمز پر پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا کہ ملک دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے بھرپور تعاون کرے گا۔