امریکا میں ایران جنگ کے خاتمے سے متعلق ڈیموکریٹس کی کوشش اس وقت ناکام ہوگئی جب ایوانِ نمائندگان میں پیش کی گئی قرارداد مطلوبہ اکثریت حاصل نہ کرسکی۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق قرارداد کے حق میں اور مخالفت میں 212-212 برابر ووٹ پڑے، جس کے باعث فیصلہ مؤثر نہ رہ سکا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تین ری پبلکن اراکین نے ڈیموکریٹس کا ساتھ دیا جبکہ ایک ڈیموکریٹ رکن نے مخالفت میں ووٹ دیا۔یہ قرارداد امریکا کی ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کو محدود یا ختم کرنے کے مطالبے کے تحت پیش کی گئی تھی۔ڈیموکریٹ اراکین کا مؤقف تھا کہ کانگریس کی منظوری کے بغیر جنگی کارروائیاں امریکی آئینی اصولوں کے منافی ہیں، جبکہ ری پبلکن اراکین نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران پر دباؤ برقرار رکھنا قومی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی سینیٹ میں بھی اسی نوعیت کی قرارداد 49 کے مقابلے میں 51 ووٹوں سے مسترد ہو چکی ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اس معاملے پر امریکی کانگریس میں گہری سیاسی تقسیم سامنے آ رہی ہے۔