بالی ووڈ اداکار سیف علی خان نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی مشہور فلم میں کھلاڑی تو اناڑی دراصل ہالی ووڈ فلم دی ہارڈ وے سے متاثر تھی اور اس کے حقوق حاصل نہیں کیے گئے تھے۔
ایک انٹرویو میں سیف علی خان نے کہا کہ 90 کی دہائی میں بننے والی یہ ایک کامیڈی فلم تھی جس میں پولیس یونیفارم اور ایک مزاحیہ کہانی کے گرد کردار تخلیق کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق فلم کو امریکی فلم سے غیر رسمی طور پر نقل کیا گیا تھا۔اداکار نے بتایا کہ انہیں اس وقت ایک ہدایتکار نے مشورہ دیا تھا کہ وہ پولیس افسر کے کردار سے گریز کریں کیونکہ وہ اس رول میں فٹ نہیں لگتے، تاہم بعد میں انہوں نے مختلف پراجیکٹس میں خود کو ثابت کیا۔
سیف علی خان کے مطابق یہ خدشہ انہیں کافی عرصے تک رہا، تاہم بعد میں انہوں نے او ٹی ٹی پروجیکٹ سیکرڈ گیمز میں پولیس افسر کا کردار ادا کیا اور اپنی اداکاری کے حوالے سے اعتماد حاصل کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ وقت کے ساتھ وہ اپنے کرداروں کے انتخاب میں زیادہ پراعتماد ہو گئے ہیں اور اب وہ مختلف نوعیت کے کردار ادا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق سیف علی خان ان دنوں اپنی نئی فلم کرتویا کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔