ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث انسانی جانوں اور املاک کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی تازہ رپورٹ کے مطابق، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات میں 13 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہو گئے۔رپورٹ کے مطابق، 26 جون 2025 سے جاری بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں اب تک 216 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جبکہ 582 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اس عرصے کے دوران 779 مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جس سے متاثرہ علاقوں میں بے گھر ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
حکام کے مطابق شدید بارشوں سے خیبر پختونخوا، بلوچستان، پنجاب اور گلگت بلتستان کے کئی اضلاع متاثر ہوئے ہیں، جہاں نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور چھتیں گرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ریسکیو اور امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرگرم عمل ہیں، جبکہ این ڈی ایم اے کی جانب سے مقامی حکومتوں اور صوبائی اداروں کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔