’’تھری ایڈیٹس‘‘ کی کہانی میں تبدیلی، ٹائم جمپ اور وکی کوشل کی انٹری

’’تھری ایڈیٹس‘‘ کی کہانی میں تبدیلی، ٹائم جمپ اور وکی کوشل کی انٹری

بالی ووڈ کی مشہور فلم تھری ایڈیٹس کے سیکوئل سے متعلق نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس نے مداحوں میں ایک بار پھر زبردست دلچسپی پیدا کر دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق مجوزہ سیکوئل کی کہانی روایتی تسلسل کے بجائے ایک بڑے ٹائم جمپ کے ساتھ پیش کی جائے گی، جس میں مرکزی کرداروں کی زندگی کے ایک نئے مرحلے کو دکھایا جائے گا۔ تاہم فلم میں اصل کہانی کی جذباتی گہرائی اور نوسٹیلجک انداز کو برقرار رکھنے کی کوشش بھی کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پروجیکٹ پر ابتدائی کام شروع ہو چکا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سپر اسٹار عامر خان ایک بار پھر اس کا حصہ ہوں گے، جس سے فلمی شائقین کی توقعات مزید بڑھ گئی ہیں۔یہ بھی رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ معروف ہدایتکار راجکمار ہیرانی ایک بار پھر اس سیکوئل کی ہدایتکاری سنبھال سکتے ہیں، جو اس پراجیکٹ کو مزید اہم بنا دیتا ہے۔مزید اطلاعات کے مطابق اداکار وکی کوشل کو بھی ایک اہم نئے کردار کے لیے زیر غور رکھا جا رہا ہے، جو کہانی میں نیا رنگ اور موڑ لا سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سیکوئل نہ صرف پرانے مرکزی کرداروں کو دوبارہ اسکرین پر لا سکتا ہے بلکہ ایک نئی نسل اور نئے کردار بھی متعارف کرا سکتا ہے، جس سے کہانی کا دائرہ وسیع ہوگا۔یاد رہے کہ 2009 میں ریلیز ہونے والی یہ فلم بھارتی سینما کی سب سے کامیاب اور اثر انگیز فلموں میں شمار کی جاتی ہے، جس نے تعلیمی نظام اور نوجوانوں کی سوچ پر گہرا اثر ڈالا تھا۔ اب سیکوئل کی خبروں نے شائقین کی توقعات کو مزید بڑھا دیا ہے۔