دیہاڑی دار ڈاکٹرز تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم

لاہور( خصوصی رپورٹ) محکمہ صحت کی جانب سے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کیلئے بھرتی کیے گئے دیہاڑی اور فی گھنٹہ اجرت پر تعینات ڈاکٹرز گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی سے محروم ہیں۔محکمہ صحت نے این ٹی ایس ٹیسٹ اور بلند و بانگ دعو ئوں کے ساتھ 1400 میڈیکل آفیسرز اور وومن میڈیکل آفیسرز بھرتی کیے تھے، تاہم تقرریوں کے کئی ماہ گزرنے کے باوجود انہیں تنخواہیں ادا نہیں کی جا سکیں۔متاثرہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مالی مشکلات کے باعث متعدد ڈاکٹرز بددل ہو کر ملازمت چھوڑ چکے ہیں، جبکہ باقی ڈاکٹرز تنخواہوں کے حصول کیلئے محکمہ صحت اور محکمہ آبادی کے دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔