تجاوزات کی آڑ میں دیہاڑی دار طبقے کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے: امیر بہادر ہوتی

 انتظامیہ اور پیرا فورس مسلسل تنگ اور ہراساں کر رہی ہے: صوبائی سیکرٹری اے این پی 
لاہور (نمائندہ خصوصی)عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صوبائی جنرل سیکرٹری پنجاب امیر بہادر خان ہوتی نے پارٹی کے دیگر عہدیداروں اور کارکنان کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا فورس) کی جانب سے غریب محنت کشوں اور چھوٹے دکانداروں کو مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے کی شدید مذمت کی۔اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری حبیب بونیری، لال بادشاہ اور سمیع اللہ خان سمیت پارٹی کے دیگر رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر بہادر خان ہوتی کا کہنا تھا کہ موجودہ مہنگائی اور معاشی بدحالی کے دور میں غریب شہری سڑکوں کنارے چلتے پھرتے یا چھوٹے سٹالز اور کاؤنٹر لگا کر حلال رزق کمانے پر مجبور ہیں، لیکن انتظامیہ اور پیرا فورس کی جانب سے انہیں سہارا دینے کے بجائے مسلسل تنگ اور ہراساں کیا جا رہا ہے، جس سے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کی آڑ میں غریب اور دیہاڑی دار طبقے کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔ ان کا سامان اٹھا کر اور بھاری جرمانے عائد کرکے انہیں بے روزگار کیا جا رہا ہے، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔پریس کانفرنس کے اختتام پر اے این پی کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ وہ محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے اور اگر غریب عوام کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند نہ ہوا تو پارٹی احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوگی۔لاہور پریس کلب کے سامنے پیرا فورس کی مبینہ ہراسانی کے خلاف احتجاج کے دوران امیر بہادر خان ہوتی، صوبائی جنرل سیکرٹری عوامی نیشنل پارٹی پنجاب، نے ان محنت کش نوجوانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا جو اپنے کندھوں پر کوٹ رکھ کر سڑکوں اور بازاروں میں فروخت کرتے ہیں۔احتجاج کے دوران امیر بہادر خان ہوتی نے بھی اپنے کندھے پر کوٹ رکھ کر ان محنت کش نوجوانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کے باعزت روزگار کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔