راوی شہر کے اطراف غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف بھی کریک ڈاؤن
لاہور (خصوصی رپورٹ) ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریاز میں بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں ایک سو پچھتر املاک کو سربمہر کر دیا۔گلشن راوی، کینال روڈ اور سمن آباد میں مزید پچپن پراپرٹیز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ایل ڈی اے نے غیرقانونی رہائشی سکیموں کے خلاف بھی گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے چھ مختلف ہاؤسنگ سکیموں کو نشانہ بنایا۔ سکیموں کے خلاف کارروائیوں کے دوران غیرقانونی سکیموں کی سڑکیں، باؤنڈری والز، سیوریج سسٹمز اور دیگر انفراسٹرکچر مسمار کر دیا گیا جبکہ دفاتر کو سربمہر کر دیا گیا۔ کارروائی چیف میٹروپولیٹن پلاننگ کی نگرانی میں کی گئی جس میں ایل ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ اور پولیس اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔دوسری جانب راوی اربن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے بھی راوی شہر کے اطراف غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے فیروز والہ اور جڑانوالہ روڈ پر قائم متعدد کالونیوں کے دفاتر سیل کر دیئے۔