خاتون کی بروقت مدد نہ کرنے پر تھانیدار معطل

 نا فرمان بیٹے نے تشددکیا، شیر اکوٹ تھانے میں درخواست دی ، پولیس کارروائی نہ کی : متاثرہ خاتون 
 ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او کو معطل کردیا، پسند کی شادی کرنیوالی خاتون کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم 
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے خاتون کی بروقت مدد نہ کرنے پر ایس ایچ او شیراکوٹ کو معطل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق امروزکھلی کچہری کے دوران 111 شہریوں نے بغیر سفارش ڈی آئی جی آپریشنز کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ شیراکوٹ کی رہائشی خاتون نے نا فرمان بیٹے کی جانب سے تشددکی درخواست پرپولیس کی طرف سے کوئی کاررائی نہ ہونے کی شکایت کی۔ فیصل کامران نے سائلہ کی درخواست پر کارروائی نہ کرنے پر ایس ایچ او شیراکوٹ کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد، گھر سے بے دخلی اور رشتہ داروں کی جانب سے ہراسانی کے معاملات پر ایس ایچ اوز فوری تحفظ فراہم کریں۔ فیصل کامران نے پسند کی شادی کرنے والی خاتون کو رشتہ داروں سے خطرات کی شکایت پر تحفظ دینے کابھی حکم دیا۔ پلاٹوں کی خرید و فروخت اور جائیداد فراڈ کی متعدد شکایات پر متعلقہ ایس ایچ اوز کو قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ اسی طرح وراثتی جائیداد، گھریلو تنازعات اور بہن بھائیوں کے درمیان املاک جھگڑوں کی درخواستوں پر فوری تحقیقات کے احکامات جاری کئے گئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے محلے داروں، رشتہ داروں اور دیگر افراد کی جانب سے تشدد کی شکایات پر ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔ کرایہ داری، گھریلو جھگڑوں اور بچوں کی حوالگی کے معاملات پر متعلقہ تھانوں کو فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیاگیا۔ فیصل کامران نے منشیات فروشوں کے خلاف شکایات اور کارروائی میں تاخیر پر ایس ایچ او شمالی چھاؤنی کی سرزنش کرتے ہوئے وضاحت طلب کر لی۔