190 ملین پاؤنڈز کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس میں وکلا کو دلائل کے لیے 20 مئی تک کی آخری اور حتمی مہلت دے دی ہے۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ آئندہ سماعت پر ہر صورت اپیلوں پر دلائل مکمل کیے جائیں۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے مؤکلان سے ہدایات لینے کے لیے مزید وقت مانگا تھا۔
عدالت کے مطابق نیب نے اس التوا کی درخواست کی مخالفت کی۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ سماعت میں بار بار التوا کی درخواستیں دی گئیں اور کیس کی حساسیت کے باعث اب مزید تاخیر کی گنجائش نہیں۔عدالت نے ہدایت کی کہ وکلا تمام ضروری تیاری مکمل کریں اور 20 مئی کو لازمی طور پر اپیلوں پر دلائل پیش کریں۔ اس سے قبل بھی عدالت فریقین کو حاضری یقینی بنانے اور دلائل مکمل کرنے کی ہدایت دے چکی ہے۔