ہمارے پاس بالکل ایندھن اور ڈیزل نہیں بچا ‘ محفوظ ذخائر بھی نہیں ، کیوبا ہر اس شخص کیلئے کھلا ہے جو ایندھن فروخت کرنا چاہتا ہے:وزیر توانائی
کیوبا کی کمیونسٹ حکومت کو 100 ملین ڈالر امداد لینے کے لئے امریکی مطالبات کے مطابق اہم اصلاحات کرنا ہوں گی:امریکی محکمہ خارجہ
ہوانا‘واشنگٹن(آئی این پی )کیوبا کے وزیر توانائی ویسینٹ ڈی لا او نے انکشاف کیا ہے ملک میں ڈیزل اور فیول آئل مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے، امریکی ناکہ بندی کے باعث ایندھن کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے دارالحکومت ہوانا سمیت پورے ملک کو کئی دہائیوں کے بدترین بلیک آئوٹ کا سامنا ہے۔وزیر توانائی نے سرکاری میڈیا پر صورتحال کی سنگینی بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس بالکل بھی ایندھن اور ڈیزل نہیں بچا ہے اور ہمارے پاس کوئی محفوظ ذخائر بھی موجود نہیں ہیں، جس کی وجہ سے قومی گرڈ کی حالت انتہائی نازک ہے۔ کیوبا ہر اس شخص کے لیے کھلا ہے جو ہمیں ایندھن فروخت کرنا چاہتا ہے۔
دریں اثناء امریکے نے کیوبا کو 100 ملین ڈالرز کی انسانی امداد دینے کی پیشکش کی ہے تاہم اس کیلئے کیوبا کی کمیونسٹ حکومت کو امریکی مطالبات کے مطابق اہم اصلاحات کرنا ہوں گی۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ امداد براہِ راست کیوبا کے عوام تک پہنچائی جائے گی لیکن کیوبا کی حکومت نے اگر شرائط نہ مانیں تو اسے امداد کی راہ میں رکاوٹ سمجھا جائے گا