پشاور اور کوئٹہ کو بھی روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کرائیں گے:سرداریوسف

اس سال  ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کر رہے ہیں، 70 ہزار عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ، 22 مئی تک فلائٹ آپریشن مکمل کر لیا جائیگا
 حکومت کی  کوشش ہے   ان کی تمام ضروریات کا خیال رکھا جائے ، دیانت دار معاونین کی قدر کرتے ہیں ، وطن واپسی پر انہیں خصوصی طور پر نوازا جائے گا
 اسلام آباد( آئی این پی ) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے   پشاور اور کوئٹہ کو بھی روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل کرائیں گے، پاکستانی عازمین حج کو مکمل سہولیات فراہم کر رہے ہیں،روٹ ٹو مکہ منصوبے سے پاکستانی عازمین مستفید ہو رہے ہیں، پاکستان سعودی  عرب کے   مثالی اور برادرانہ    تعلقات  ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں، پاکستان   ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کا اہم کردار ادا کر رہا ہے، جس میں  سعودی عرب کی بھی بھرپور حمایت حاصل ہے۔  ایک   انٹرویو میں سردار محمد یوسف نے کہاکہ حج 2026 کیلئے  اب تک 70 ہزار پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں ، 22 مئی تک حج فلائٹ آپریشن مکمل کر لیا جائے گا۔ اس وقت تقریباً چار ہزار عازمین مدینہ میں قیام پذیر ہیں جبکہ باقی مکہ پہنچ چکے ہیں۔  انہوں نے واضح کیا کہ حج پروازوں کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے اور عازمین کی رہنمائی و سہولت کیلئے  پاکستانی معاونین، خدام اور میڈیکل مشن کے عملے نے بھی اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ سردار محمد یوسف کے مطابق پاکستان نے اس مرتبہ حج کا اپنا مکمل کوٹہ حاصل کیا ہے، جس کے تحت ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کر رہے ہیں۔اس میں قریبا ایک لاکھ 20 ہزار عازمین سرکاری سکیم جبکہ باقی نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعے حجازِ مقدس پہنچ رہے ہیں۔