جھنگ : حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد قوم میں وطن سے محبت اور افواج پاکستان کے لیے تحسین کے جذبات مزید ابھر آئے ہیں۔
جھنگ کے شہریوں نے پاک فضائیہ کو شاندار انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا، جس کا مظہر جے 10 سی لڑاکا طیارے کا "ہیومن ماڈل" تھا، جو انسانوں کی صف بندی سے تیار کیا گیا۔یہ خراج تحسین مسلم انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے پیش کیا گیا اور اس خوبصورت تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں دکھایا گیا کہ شہریوں کی بڑی تعداد نے پاک فضائیہ کے ہیرو پائلٹس کو سلام پیش کرتے ہوئے نظم و ضبط سے جے 10 سی جیٹ کی شکل بنائی، جو ان طیاروں کی علامت ہے جنہوں نے بھارتی رافیل طیاروں کو مار گرایا۔یہ تقریب جھنگ کی تحصیل شورکوٹ میں واقع معروف صوفی بزرگ حضرت سلطان باہو کے مزار پر منعقد کی گئی۔ ہزاروں افراد نے شرکت کر کے نہ صرف پاک فضائیہ بلکہ تمام مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانی اور عزم کو سراہا۔
اس موقع پر شرکاء نے چین، ترکیہ اور آذربائیجان جیسے ان ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بھارت کی جارحیت کے خلاف پاکستان کے مؤقف کی کھل کر حمایت کی اور ہر محاذ پر پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے۔شرکاء کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے صرف دشمن کے طیارے ہی نہیں گرائے بلکہ قوم کے دل بھی جیت لیے۔ ان کے بقول، یہ تقریب ایک علامت ہے اس قومی یکجہتی اور حوصلے کی جو ہر بحران میں پاکستانی عوام کی پہچان رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر پاک فضائیہ کے نغمے بجائے گئے اور فضا "پاکستان زندہ باد" کے نعروں سے گونجتی رہی۔