پوری قوم نے ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح ملکی سلامتی میں حصہ ڈالا، وزیراعلیٰ پنجاب

پوری قوم نے ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح ملکی سلامتی میں حصہ ڈالا، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کی نیت ہمیشہ ملک کی بھلائی اور سلامتی رہی ہے اور سب نے مل کر ملکی مفادات کا تحفظ کیا ہے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا دارومدار اس کے عوام پر ہے، اور نفرت کی سیاست نے کبھی ملک کو کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ کہتے تھے کہ ملک کے اندر لڑائی ہے اور معیشت تباہ ہو رہی ہے، لیکن آج دنیا کے مشہور اخبارات اور جریدے پاکستان کی معیشت کو ایک معجزہ قرار دے رہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن رات محنت کر رہے ہیں تاکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جا سکے۔

 انہوں نے کہا کہ مہنگائی بڑھنے کے بعد اس کو کم کرنا آسان نہیں، لیکن اس بار عوام کو بجلی کے بلوں میں واضح کمی دیکھنے کو ملے گی۔پاک بھارت حالیہ تصادم کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی اس عظیم فتح کے بعد عالمی سطح پر یہ بات تسلیم کی جا رہی ہے کہ پاکستان ایک مضبوط اور طاقتور قوم کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس قوم پر فخر محسوس کرتی ہیں۔