ڈمپر بریک فیل ہونے کے باعث بے قابوہوکررکشا پرالٹ گیا، 12 سالہ عائمہ، 10 سالہ حافظہ،45 سالہ رفاقت،41 سالہ دائود،ایک نامعلوم موقع پر دم توڑ گئے
حادثہ آخری منٹ سٹاپ کے قریب پیش آیا،لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملکیتی ڈمپر سے زخمی ہونیوالوں کی حالت تشویشناک،آئی جی پنجاب نے رپورٹ طلب کرلی
لاہور(کرائم رپورٹر)شالیمار میں افسوسناک ٹریفک حادثے میں 2 بچیوں سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ آخری منٹ سٹاپ کے قریب پیش آیاجہاں تیز رفتار ڈمپر کی بریک فیل ہو گئی اور وہ بے قابو ہو کر رکشا اور موٹر سائیکل سواروں کو روندتا ہوا ایک رکشاپرالٹ گیاجس کے نتیجے میںرکشا مکمل طور پرتباہ اور ڈمپر کے نیچے دبنے سے 12 سالہ عائمہ، 10 سالہ حافظہ،45 سالہ رفاقت اور41 سالہ دائود موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی شناخت نہ ہوسکی ۔ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچیں اور زخمیوں 26 سالہ علی، 10 سالہ عفان، 10 سالہ بلال، اور18 سالہ کومل کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔حادثے کے نتیجے میں تین رکشے اور دو موٹر سائیکلیں بھی متاثر ہوئیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کا باعث بننے والا ڈمپر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ملکیت تھا اور بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو قبضے میں لیکر مزید کارروائی شروع کردی۔دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آخری منٹ سٹاپ شالامار، ٹریفک حادثہ میں 2سکول بچیوں سمیت 5 افراد کے جاں بحق اور 4زخمی ہونے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو حادثہ کے ذمہ داران کا تعین کرکے سخت ایکشن لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غفلت کے مرتکب ڈمپر ڈرائیور کو فوری گرفتار کرکے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے واقعہ میں سکول کی کمسن طالبات سمیت دیگر افراد کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور سی ٹی او لاہور کو حد رفتار کی خلاف ورزی کے مرتکب ڈرائیورز کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی۔