وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کالا شاہ کاکو میں گندم انیشیٹو پروگرام کے تحت ٹریکٹرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں نفرت کی سیاست نے کوئی مثبت نتائج نہیں دیے اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ذاتی انا کو پسِ پشت ڈال کر ملک کی ترقی کے لیے متحد ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ’بنیان مرصوص‘ آپریشن کے ذریعے بھارت کو شکست دی ہے اور پاکستان کا امن ہر سیاسی رہنما کے لیے ریڈ لائن ہونا چاہیے۔ مریم نواز نے زور دے کر کہا کہ نفرت کی سیاست کا خاتمہ ملک کی ترقی کے لیے ضروری ہے اور اس سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا۔انہوں نے پوری قوم کی یکجہتی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی نے افواج پاکستان کی حمایت میں اپنا کردار ادا کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج ہم نے ایک عظیم فتح حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا، "پاک افواج زندہ باد، پاکستان زندہ باد۔"معاشی حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ ملک کی معیشت میں حیران کن استحکام نظر آ رہا ہے۔ مہنگائی میں کمی سے بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، لوڈشیڈنگ کم ہوئی ہے اور بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی آئی ہے۔ سٹاک ایکسچینج میں بھی زبردست تیزی دیکھی جا رہی ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ملک خوشحالی کی جانب گامزن ہے۔
اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم اور آرمی چیف کو بھی اس عظیم کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا۔علاوہ ازیں، گندم سپورٹ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 9500 گرین ٹریکٹرز کاشتکاروں کو شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے فراہم کیے گئے۔ دوسرے مرحلے میں 25 ہزار مزید ٹریکٹرز سبسڈی پر کاشتکاروں کو دیے جائیں گے تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ ہو۔مزید بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے 150 ارب روپے کی لاگت سے کسان کارڈ سکیم کا آغاز کیا ہے، جس سے ساڑھے سات لاکھ کاشتکار فائدہ اٹھائیں گے۔ کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو زرعی سہولیات اور سبسڈیز دی جائیں گی تاکہ ان کی مالی مشکلات کم ہوں اور وہ اپنی پیداوار بہتر بنا سکیں۔یہ پروگرام کا مقصد پنجاب میں زرعی شعبے کو مستحکم کرنا اور کسانوں کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے تاکہ ملک کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کیا جا سکے۔