وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پاکپتن کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں فاروق احمد مانیکا، چودھری جاوید احمد، عمران اکرم اور سردار منصب علی ڈوگر شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران پاکپتن کے عوامی مسائل، شہری ضروریات اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے پاکپتن میں اربن اور رورل ڈویلپمنٹ سے متعلق مختلف تجاویز بھی وزیراعلیٰ کے سامنے پیش کیں۔ارکان اسمبلی نے پاکپتن میں الیکٹرو بس سروس کے اجرا سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے شروع کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے الیکٹرو بس منصوبے کو دہائی کا گیم چینجر قرار دیتے ہوئے بتایا کہ پاکپتن میں 15 الیکٹرو بسیں شہریوں کو معیاری سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ارکان اسمبلی کے مطابق ای بس سروس شہر کے 3 بڑے روٹس پر شہریوں کے لیے آسان اور آرام دہ سفری سہولت کا باعث بن رہی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پاکپتن شہر کی بیوٹیفکیشن کے اقدامات پر بھی وزیراعلیٰ مریم نواز اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار، رفتار اور شفافیت پر کڑی نظر رکھی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکپتن سمیت پنجاب کے ہر شہر اور گاؤں کی ترقی اور بہتری حکومت کا نصب العین ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ برسوں سے نظر انداز رہنے والا پاکپتن بھی ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صوبے کے ہر شہر اور علاقے میں جاری ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی خود مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب کو بہتر سے بہترین صوبہ بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا رہی ہے۔