پاکستانی میڈیا نے عالمی میڈیائی جنگ درست وحقائق پرمبنی رپورٹنگ سے جیتی:طارق فضل

 بھارتی جارحیت کے دوران سرکاری و قومی میڈیا نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کیں ، قومی اسمبلی میںاظہار خیال 
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیرپارلیمانی امورڈاکٹرطارق فضل چودھری نے کہاہے کہ حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران پاکستانی میڈیا نے عالمی میڈیائی جنگ درست اورحقائق پرمبنی رپورٹنگ سے جیتی، پی ٹی وی،سرکاری نشریاتی اداروں اورقومی میڈیا نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کی ہیں۔ بدھ کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران ڈاکٹرشہلارضا کے سوال پرپارلیمانی امورکے وفاقی وزیرڈاکٹرطارق فضل چودھری نے ایوان کوبتایا کہ پی ٹی وی نے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس اورسٹریٹجک وعدوں کوپوراکرنے کیلئے بھاری اخراجات برداشت کئے ہیں۔حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران ملک نازک حالات سے گزررہاتھا جس میں پی ٹی وی اورسرکاری نشریاتی اداروں نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی میڈیا نے بین الاقوامی طورپر میڈیائی جنگ درست اورحقائق پرمبنی رپورٹنگ سے جیتی ہے۔ہماری میڈیا نے فعال اورذمہ دارانہ کرداراداکیا۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی وی سے متعلق مسائل کوحل کیاجارہاہے۔