ہم صرف جنگ نہیں جیتے‘تمام بچوں کامستقبل بھی روشن ہوا ہے مریم نواز

افواج پاکستان نے اپنے سے بڑے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی، جس دشمن سے ہمارا مقابلہ تھا وہ تعداد اور وسائل میں ہم سے بڑا تھا
ماضی میں ہمارے جہازوں کے ماڈلز کو آگ لگائی گئی، شہدا ء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی: ہونہار سکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب
فیصل آباد(آئی این پی)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا  ہے کہ 10 مئی کا مقابلہ پاکستان نے 0-6 سے جیت لیا، افواج پاکستان نے اپنے سے بڑے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی۔ہونہار سکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ یہ تقریب جنگ کی وجہ سے ملتوی ہوگئی تھی، آج ہم سب کا سر فخر سے بلند ہے، آج سبز ہلالی پرچم سربلند ہے، نئی نسل میں وطن کیلئے جذبہ دیکھ کر دلی خوشی اوراطمینان ہوا۔مریم نواز نے کہا کہ جس دشمن سے ہمارا مقابلہ تھا وہ تعداد اور وسائل میں ہم سے بڑا تھا، افواج پاکستان نے جنگ لڑی اور قوم نے ان کو سپورٹ کیا، قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی، آج تمام پاکستانیوں کو خود پر فخر ہے، ہم صرف جنگ نہیں جیتے بلکہ تمام بچوں کا مستقبل روشن ہوا ہے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پہلے بھی کہتی تھی بچوں کو اداروں کے خلاف نفرت اور تقسیم سکھائی جا رہی ہے، ہم نے شاہراہوں پر جہازوں کے ماڈل تاریخ یاد رکھنے کیلئے لگائے گئے، ماضی میں ہمارے جہازوں کے ماڈلز کو آگ لگائی گئی، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی، آگ لگائی گئی۔مریم نواز نے کہا کہ آج پاک فضائیہ کے جوانوں نے ہی رافیل کو مار گرایا، آج پاک فضائیہ کے طیاروں اور پائلٹس نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا، آج یہ افواج قربانیاں نہ دیتیں تو جنگ میں فتح کیسے ملتی؟ فوجی وردی کی تضحیک کی گئی، مذاق اڑایا گیا، آج اس ہی وردی کو پہن کر افواج کے جوان سرحدوں پر شہید ہوئے ہیں، آپ بچوں نے اندھی نفرت کا شکار نہیں ہونا۔انہوں نے کہا کہ غازیوں کی خیریت دریافت کرنے خود سی ایم ایچ لاہور گئی، غازیوں سے کہا آپ نے جان خطرے میں ڈال کر وطن کی حفاظت کی ہے، مجھے ایک غازی نے کہا سوجانیں بھی ہوتیں تو وطن پر قربان کر دیتا