لاہور(نیٹ نیوز)کامران اکمل نے کہا کہ فائنل میں ٹاس جیتنا بڑا اہم ہے، میرے خیال سے جو بھی ٹاس جیتے گا وہ 60 فیصد میچ بھی جیت جائے گا۔ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے چیمپئنزٹرافی فائنل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر کامران اکمل کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیمیں تیاری کے ساتھ آئی ہیں، نیوز لینڈ نے رائونڈ میچ میں غلطی کی وہ اسے دوبارہ نہیں دہرائیں گے۔کامران اکمل نے کہا کہ بھارتی ٹیم کے تمام کھلاڑی اس وقت فارم میں ہیں، بھارتی ٹیم کی ٹورنامنٹ کیلیے اچھی تیاری ہے، بھارتی ٹیم کا ہرکھلاڑی اپنا کردار ادا کرنے کو تیار رہتا ہے۔سابق وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ اسپنرز کو وکٹیں دینے سے بچیں گے تو پریشر کم ہوگا، نیوزی لینڈ کے بیٹرز کو بھارتی اسپنرز کو سنبھل کرکھیلنا ہوگا۔باسط علی نے کہا کہ دبئی میں بھارتی ٹیم کا گزشتہ ریکارڈ بہت اچھا ہے، بھارت دبئی میں گزشتہ میچ جیتا ہے فائنل بھی جیت سکتا ہے، بھارت اور نیوزی لینڈ کے میچ میں اوپنرز کا اچھا کھیلنا ضروری ہوگا، اوپنر جس ٹیم کو اچھا اسٹارٹ دیں گے اس کی پوزیشن مضبوط ہوگی