سپرنٹنڈنٹ سے موبائل چیٹ، رول نمبر سلپ اور 17 ہزار روپے برآمد، معطل کرکے پولیس کے حوالے کردیاگیا
امتحانات کو شفاف بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کیے جار ہے ہیں، کسی قسم کی کوتاہی ناقابل معافی ہے،صوبائی وزیر تعلیم
لاہور (آن لائن) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر امتحانات میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے پنجاب بھر میں ٹیمیں متحرک ہیں اور امتحانی سنٹرز کی مانیٹرنگ کے علاوہ خفیہ نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ وزیر تعلیم کی نمائندگی کرتے ہوئے چیئرمین ٹاسک فورس فار ایجوکیشن مزمل محمود نے فیروز والا کے امتحانی سنٹر کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے طلباء کی شکایات پر چیکنگ کے دوران سپرنٹنڈنٹ کے موبائل فون سے بعض امیدواروں کی مدد اور مورل سپورٹ کے بارے میں وائس چیٹ اور رول نمبر سلپ برآمد کرلی۔ چیئرمین ٹاسک فورس نے سپرنٹنڈنٹ سے 17 ہزار روپے اور رقم منتقلی کے ثبوت بھی حاصل کر لیے۔ مزمل محمود نے کہا کہ علی رضا دوسرے سنٹر کے سپرنٹنڈنٹ سے رول نمبرز کے تبادلے میں بھی ملوث پایا گیا ہے۔ انہوں نے سپرنٹنڈنٹ کو فوری طور پر معطل کر کے ایف آئی آر درج کروا دی۔ مزمل محمود نے سپرنٹنڈنٹ کو پولیس کے حوالے کرنے کے علاوہ محکمانہ انکوائری کا حکم بھی دے دیا ہے۔ دوسری جانب وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بھی مختلف امتحانی سنٹرز کا دورہ کیا اور انتظامات چیک کرنے کے ساتھ ساتھ طلباء سے بوٹی مافیا کے حوالے سے استفسار کیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ امتحانات کو شفاف بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کیے جار ہے ہیں۔ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابل معافی ہے۔