بلوچستان میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، وزیراعظم کی قیادت میں پولیو کے خلاف بھرپور اقدامات جاری ہیں اور رہیں گے
پاکستان میں بھی وہی ویکسین استعمال ہو رہی ہے جو دنیا بھر میں دی جا رہی ہے، طالبان حکومت بھی بھرپور پولیو مہم چلا رہی ہے
کوئٹہ (آئی این پی )وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے بلوچستان سے رواں سال اب تک پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا،وزیراعظم کی قیادت میں پولیو کے خلاف بھرپور اقدامات جاری ہیں اور رہیں گے۔وفاقی وزیر صحت نے اپنے دورہ کوئٹہ کے دوران انسدادِ پولیو سے متعلق اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی جہاں قومی و صوبائی کوآرڈینیٹرز نے وزیر صحت کو پولیو کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں پولیو کے خاتمے کے لیے متحد ہیں، ہر قسم کے منفی رجحانات کو مسترد کریں اور بچوں کی ویکسینیشن یقینی بنائیں۔ پولیو کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔مصطفی کمال نے کہا کہ پولیو ورکرز ہمارے اصل ہیرو ہیں۔ پاکستان میں بھی وہی ویکسین استعمال ہو رہی ہے جو دنیا بھر میں دی جا رہی ہے، افغانستان میں طالبان حکومت بھی بھرپور پولیو مہمات چلا رہی ہے۔ پولیو وائرس اب بھی ہمارے درمیان موجود ہے، غفلت نہ برتیں۔