ٹرائل غیر ضروری جلد بازی میں چلایا گیا:عمران خان اور شاہ محمود کی بریت کا تحریری فیصلہ جاری
اسلام آباد(آن لائن )اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس کے تفصیلی تحریری فیصلے میں کہاہے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف کیس ثابت کرنے میں استغاثہ ناکام ثابت ہوا۔عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی بریت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 3 جون 2024 کو عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سزا کالعدم قرار دی تھی۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈ ظاہر کرتا ہے ٹرائل غیر ضروری جلد بازی میں چلایا گیا۔ ملزمان کے وکلا کے التوا مانگنے پر سرکاری وکیل تعینات کردیا گیا، جسے تیاری کے لیے محض ایک دن دیا گیا۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ سرکاری وکیل کی جرح ان کی ناتجربہ کاری اور وقت کی کمی ظاہر کرتی ہے۔ یہ کیس ٹرائل کورٹ کو ریمانڈ بیک کرنے کی نوعیت کا ہے۔ عدالت اس کیس کو میرٹ پر سن رہی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ جرح کو ایک طرف رکھ دیا جائے تو بھی استغاثہ کے شواہد کیس ثابت کرنے کے لیے ناکافی ہیں۔ استغاثہ اپنا کیس ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔