توشہ خانہ ٹو کیس آخری مراحل میں داخل،استغاثہ نے کارروائی مکمل کر لی

 آخری دو گواہوں کے بیانات ریکارڈ،تفتیشی افسران پر وکیل صفائی 24 ستمبر کو جرح کریں گے
راولپنڈی(آئی این پی )توشہ خانہ ٹو کیس آخری مراحل میں داخل ہو گیا ، استغاثہ نے اپنی کارروائی مکمل کر لی۔اسپیشل جج سینٹرل شارخ ارجمند نے کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔بانی پی ٹی آئی کے وکلا ارشد تبریز، ظہیر عباس اور بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وفاقی پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی اور بیرسٹر عمیر مجید ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔استغاثہ نے کیس کے آخری دو گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرا دئیے۔ گواہان میں نیب کے تفتیشی افسر محسن ہارون اور ایف آئی اے کے تفتیشی افسر شاہد پرویز شامل تھے۔ تفتیشی افسران پر وکیل صفائی 24 ستمبر کو جرح کریں گے۔توشہ خانہ ٹو کیس میں مجموعی طور پر 20 گواہان نے بیانات ریکارڈ کروائے جبکہ 18 پر جرح مکمل کر لی گئی ہے۔