سود خوروں کیخلاف کریک ڈائون کا حکم

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہری کی سود خوروں سے جان چھڑوانے کیلئے ایس ایچ او سمن آبادکو ہدایات جاری کر دیں۔تفصیلات کے مطابق شہریوں کی بروقت دادرسی کیلئے ڈی آئی جی آپریشنز دفتر میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔امروز بھی کھلی کچہری کے دوران مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ فیصل کامران نے شہری کی جانب سے ادھار رقم سے زیادہ پیسے ادا کر دینے کے باوجود الزام علیہ کا مزید پیسوں کی ادائیگی کیلئے دھمکیاں دینے پر ایس ایچ او سمن آباد کورقم ادائیگی کے ثبوت دیکھنے اورعلاقہ میں سود جیسی معاشرتی برائی کو روکنے کی ہدایت کی۔ فیصل کامران کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سود انسان کو ہلاک کرنے والا گناہ ہے، شہری بھی باز رہیں۔ کھلی کچہری میں گروی و کرایہ داری معاہدے میں فراڈ کی بھی متعدد شکایات موصول ہوئیں جس پر ایس ایچ اوز بھاٹی گیٹ، شادباغ، ٹاؤن شپ، نشتر کالونی اور ایس ایچ او غالب مارکیٹ کو انکوائریاں مارک کرتے ہوئے ایس ایچ او ہڈیارہ اور ایس ایچ او نوانکوٹ کو بھی تحریری معاہدے کی جانچ پڑتال کی ہدایت کی گئی۔ لڑائی جھگڑا، اسلحہ نمائش، خوف ہراس پھیلانے پر شہری کی محلہ دار کے خلاف شکایت پر ایس ایچ او بادامی باغ کو بعد از تصدیق قانونی کارروائی کا حکم دیاگیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے پولیس اہلکاروں کے خلاف شکایات کی انکوائری اے ڈی آئی جی اور ایس ڈی پی او سبزہ زار کو مارک کرتے ہوئے اہلکاروں کے قصور وار ہونے کی صورت میں نوکری سے فارغ کر دینے کا عندیہ دے دیا۔ فیصل کامران کا کہنا تھا کہ بدمعاشی کلچر کسی صورت قابل قبول نہیں، کسی کو بھی جبری طور پر اس کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا ازالہ، بروقت اور فوری کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔ شہری اپنے گرد نواح بھی نظر رکھیں، جرائم کے خاتمے میں پولیس کا ساتھ دیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کیلئے ایس ایچ اوز 3بجے سے 5بجے تک تھانوں میں موجود رہتے ہیں۔ پولیس سے متعلق شکایت کیلئے میرے دروازے عوام کیلئے کھلے ہیں۔