کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں گوگل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سندر پچائی کی ایک تقریب کے دوران فلسطین کے حامی طلبا نے احتجاجاً واک آؤٹ کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طلبا نے غزہ کی صورتحال اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے کردار کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ جیسے ہی سندر پچائی نے خطاب شروع کیا، طلبا کے ایک گروپ نے اپنی نشستیں چھوڑ کر ہال سے باہر جانا شروع کر دیا۔عینی شاہدین کے مطابق بعض طلبا نے فلسطینی پرچم اور احتجاجی بینرز بھی اٹھا رکھے تھے، جبکہ کچھ نے خاموش احتجاجی واک آؤٹ کو ترجیح دی۔ اس دوران "فلسطین کے لیے انصاف" اور "جنگ بند کرو" جیسے نعرے بھی سنائی دیے۔مظاہرین کا مؤقف تھا کہ غزہ میں جاری انسانی بحران کے تناظر میں عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اپنی کاروباری اور حکومتی شراکت داریوں کے حوالے سے زیادہ شفافیت اختیار کرنی چاہیے۔
طلبا نے مطالبہ کیا کہ جامعات اور نجی ادارے انسانی حقوق کے معاملات پر واضح اور ذمہ دارانہ پالیسی اپنائیں۔سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیوز اور تصاویر تیزی سے وائرل ہو گئیں، جہاں صارفین نے اس احتجاج کو آزادیِ اظہار اور طلبا کے مؤقف کے اظہار کی ایک مثال قرار دیا۔