پیپلز پارٹی کا قومی اسمبلی سے واک آؤٹ، حکومتی ارکان نے منا کر واپس بلایا

پیپلز پارٹی کا قومی اسمبلی سے واک آؤٹ، حکومتی ارکان نے منا کر واپس بلایا

قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیانات کے خلاف ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

 اجلاس کی صدارت اسپیکر سردار ایاز صادق نے کی۔

پیپلز پارٹی کا مؤقف
پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے واک آؤٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا:"ہم ایوان سے بطور احتجاج واک آؤٹ کرتے ہیں۔""آن گراؤنڈ حالات جوں کے توں ہیں، کوئی تبدیلی نظر نہیں آ رہی۔"
"ہم اس وقت ایوان کا حصہ نہیں بن سکتے جب تک حالات تبدیل نہیں ہوتے۔"بعد ازاں حکومتی اراکین پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو منا کر دوبارہ اجلاس میں لے آئے۔

مریم نواز کا بیان
گزشتہ روز لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا تھا:"میں پنجاب کی تذلیل اور نشانہ بنانے والوں کو جواب دوں گی۔""پنجاب کی بات وزیراعلیٰ نہیں کرے گی تو اور کون کرے گا۔""اپنے لوگوں کی عزت نفس کی بات کی ہے، اس پر کبھی معافی نہیں مانگوں گی۔""سیلاب آیا تو سب مانگنا شروع کر دیتے ہیں، پنجاب کے پاس وسائل ہیں، باقی صوبوں کے پاس بھی وسائل ہیں، وہ کہاں جاتے ہیں؟""ہم اپنے وسائل سے سیلاب متاثرین کو آباد کریں گے، کبھی لوگوں کو کشکول پکڑنے کا نہیں کہوں گی۔"
صحافیوں کا احتجاج
اسی دوران صحافیوں نے بھی اسلام آباد پریس کلب میں پولیس تشدد اور توڑ پھوڑ کے خلاف احتجاج کیا اور پریس گیلری سے واک آؤٹ کیا۔گزشتہ روز پولیس نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں گھس کر صحافیوں پر تشدد کیا اور املاک کو نقصان پہنچایا۔اس واقعے کی صحافتی تنظیموں نے شدید مذمت کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔