بے قابو ہجوم سے رشمیکا مندانا کو بچانے کے لیے کریتی سینن ڈھال بن گئیں، ویڈیو وائرل

بے قابو ہجوم سے رشمیکا مندانا کو بچانے کے لیے کریتی سینن ڈھال بن گئیں، ویڈیو وائرل

بھارتی شہر پونے کے ایک  شاپنگ مال میں فلم ’کاک ٹیل ٹو‘ کی تشہیری تقریب اس وقت افراتفری کا شکار ہو گئی جب اداکاروں کی جھلک دیکھنے کے لیے مداحوں کا بڑا ہجوم امڈ آیا۔

تقریب میں بالی ووڈ اداکار شاہد کپور، کریتی سینن اور رشمیکا مندانا شریک تھے، جو اپنی آنے والی فلم کی پروموشن کے سلسلے میں مختلف شہروں کا دورہ کر رہے ہیں۔ابتدائی مرحلے میں پروگرام خوشگوار ماحول میں جاری رہا، جہاں فنکاروں نے مداحوں سے ملاقات کی اور پونے کی مشہور اسٹریٹ فوڈ ڈش ’وڑا پاؤ‘ بھی کھائی، جس کی ویڈیوز بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔تاہم تقریب کے اختتام پر صورتحال اچانک قابو سے باہر ہو گئی جب بڑی تعداد میں مداح اسٹیج کے قریب پہنچ گئے، جس کے باعث دھکم پیل شروع ہو گئی اور کئی افراد ایک دوسرے پر گرنے لگے۔ عینی شاہدین کے مطابق سیکیورٹی انتظامات ہجوم کے دباؤ کو سنبھالنے میں ناکام رہے اور حفاظتی رکاوٹیں بھی ٹوٹ گئیں۔صورتحال بگڑتے دیکھ کر منتظمین نے فوری طور پر تقریب مختصر کر دی تاکہ اداکاروں کو محفوظ طریقے سے مقام سے نکالا جا سکے۔ اس دوران اداکار شاہد کپور ہجوم میں راستہ بنانے کی کوشش کرتے دکھائی دیے، جبکہ کریتی سینن نے اپنی ساتھی اداکارہ رشمیکا مندانا کو قریب رکھ کر محفوظ رکھنے کی کوشش کی۔

کریتی سینن کے اس حفاظتی انداز کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے، جہاں صارفین نے انہیں ایک ذمہ دار اور خیال رکھنے والی ساتھی قرار دیا ہے۔دوسری جانب بعض صارفین نے انتظامیہ پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اتنے بڑے ہجوم کے لیے مناسب سیکیورٹی انتظامات کیوں نہیں کیے گئے۔واضح رہے کہ ’کاک ٹیل ٹو‘ سال 2012 کی فلم ’کاک ٹیل‘ کا سیکوئل ہے، جس کی کہانی محبت کے ایک مثلث کے گرد گھومتی ہے۔ فلم 19 جون 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔