بالی ووڈ اداکارہ کرتی سینن نے اپنے قریبی دوست کبیر باہیا کے ساتھ ایک نئی تصویر شیئر کر دی، جس کے بعد دونوں کے درمیان علیحدگی کی گردش کرنے والی افواہیں ایک بار پھر زیرِ بحث آ گئی ہیں۔
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر کبیر باہیا کی ایک نامعلوم خاتون کے ساتھ شادی کی تقریب میں لی گئی تصویر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد مختلف صارفین نے دونوں کے درمیان بریک اپ سے متعلق قیاس آرائیاں شروع کر دی تھیں۔تاہم کرتی سینن نے گزشتہ چھ ماہ کی یادگار تصاویر پر مشتمل ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں سفر، اہلِ خانہ، اپنی بہن نوپور سینن، پالتو کتے، اداکارہ رشمیکا مندانا اور کبیر باہیا کے ساتھ گزارے گئے لمحات بھی شامل تھے۔کبیر باہیا کے ساتھ شیئر کی گئی تصویر میں دونوں ایک لائیو شو سے لطف اندوز ہوتے ہوئے ایک ساتھ کھڑے نظر آئے، جس نے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی۔تصویر سامنے آنے کے بعد متعدد سوشل میڈیا صارفین نے تبصرہ کیا کہ اس سے بریک اپ کی افواہیں غلط ثابت ہوتی ہیں، جبکہ کئی مداحوں نے دونوں کو خوبصورت جوڑی قرار دیا۔
دوسری جانب، گزشتہ ہفتے ریڈٹ پر وائرل ہونے والی تصویر کے بعد کبیر باہیا سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔ تاہم ان کے قریبی ذرائع نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ تصویر میں موجود خاتون ان کی خاندانی دوست ہیں، جنہیں وہ بہن کی طرح سمجھتے ہیں، اور تصویر کو غلط تناظر میں پیش کیا گیا۔ادھر ایک حالیہ انٹرویو میں کرتی سینن نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ وہ شادی سے پہلے اپنے نجی تعلقات پر بات کرنا پسند نہیں کرتیں۔انہوں نے کہا، "میں اپنی ذاتی زندگی پر کم از کم شادی سے پہلے بات نہیں کرنا چاہتی۔ جب میری شادی ہوگی، تب اس بارے میں ضرور بات کروں گی۔"