بھارتی اداکارہ کریتی سینن اپنی حالیہ فلم ’تیرے عشق میں‘ کی کامیابی سے لطف اندوز ہو رہی ہیں، مگر ان کے خاندان میں خوشیوں کا سماں ہے کیونکہ ان کی چھوٹی بہن نوپور سینن جلد شادی کے بندھن میں بندھنے والی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، نوپور اپنی محبت گلوکار سٹیبن بین کے ساتھ شادی کا ارادہ رکھتی ہیں اور اس حوالے سے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔خیال کیا جا رہا ہے کہ شادی رواں موسمِ سرما میں ایک خاص ڈیسٹینیشن ویڈنگ کے ساتھ منعقد ہوگی، جس کے لیے ’فیئر مونٹ اُدےپور پیلس‘ کو منتخب کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شادی کی تقریبات نئے سال کی آمد کے ساتھ 8 اور 9 جنوری کو ہونے کا امکان ہے۔
یہ تقریبات نجی انداز میں ہوں گی، مگر خاندان کے دیگر رکن، قریبی دوست اور مشہور شخصیات بھی اس میں شامل ہوں گے۔ شادی کی تیاریوں میں سجاوٹ، مہمان نوازی اور دیگر انتظامات جاری ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلے دن مہندی اور سنگیت کے پروگرام ہوں گے، جبکہ اگلے روز مرکزی شادی کی رسومات انجام دی جائیں گی۔
تاہم، ابھی تک کریتی سینن، نوپور سینن یا دونوں خاندانوں کی جانب سے اس شادی کی خبریں تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔