امریکی ریاست میری لینڈ میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں پائلٹ سمیت تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد اسرائیلی شہری تھے۔رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ امریکی دارالحکومت واشنگٹن، ڈی سی کے مشرق میں چند کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا، جہاں ایک تربیتی پرواز کے دوران طیارہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر زمین بوس ہو گیا۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ انہیں حادثے کی اطلاع رات 11 بج کر 30 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے بعد ریسکیو اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ تاہم طیارے میں سوار تینوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہو چکے تھے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ایک مقامی فلائٹ اسکول کی ملکیت تھا اور غالب امکان ہے کہ اسے پائلٹوں کی تربیت کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق پرواز معمول کی تربیتی سرگرمی کا حصہ تھی۔
حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حادثہ تکنیکی خرابی، موسمی حالات یا کسی اور وجہ سے پیش آیا، جبکہ تحقیقاتی ادارے تمام ممکنہ پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔حادثے کے بعد امریکی اور اسرائیلی حکام متاثرہ خاندانوں سے رابطے میں ہیں، جبکہ تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی حادثے کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے گا۔