خیبرپختونخوا کے حقوق گالی گلوچ نہیں بلکہ دلیل اور آئینی جدوجہد کے ذریعے حاصل کیے جائیں گے،گورنر کے پی کے

ایبٹ آباد(آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی ہزارہ ڈویژن کے زیرِ اہتمام ایبٹ آباد میں ایک شاندار یوتھ ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر سید محمد علی شاہ باچا اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر سید محمد علی شاہ باچا نے ہزارہ ڈویژن کی قیادت، ضلعی تنظیموں اور کارکنان کو کامیاب کنونشن کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا میں تیزی سے عوامی حمایت حاصل کر رہی ہے اور آنے والا دور پاکستان پیپلزپارٹی کا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 13 سال کے دوران صوبے کو بدانتظامی، بے روزگاری اور مسائل کی دلدل میں دھکیلا گیا جبکہ نوجوانوں سے کیے گئے ترقی، روزگار اور تعلیم کے وعدے پورے نہیں کیے گئے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خیبرپختونخوا کے حقوق گالی گلوچ نہیں بلکہ دلیل اور آئینی جدوجہد کے ذریعے حاصل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کرپشن اور بدامنی کا شکار ہے جبکہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے گئے۔ انہوں نے صوبے کے وسائل، گیس، بجلی، معدنیات اور سیاحت پر صوبے کے حق کی بات کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 158 کے تحت گیس پر پہلا حق خیبرپختونخوا کا ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی صوبے کے حقوق کے حصول کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر تمام کارکن اور نوجوان متحد رہے تو آئندہ حکومت پاکستان پیپلزپارٹی کی ہوگی۔ انہوں نے ہزارہ میں ترقیاتی منصوبوں، کرکٹ اسٹیڈیم، ایبٹ آباد انٹرچینج اور مانسہرہ۔مظفرآباد موٹروے کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ پارٹی پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ کنونشن سے پارٹی کے دیگر رہنماں اور ضلعی صدور نے بھی خطاب کیا اور صوبے میں پاکستان پیپلزپارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔