کتابیں اچھالنا اور بیہودگی کرنا ان کا وتیرہ ،پیکا ایکٹ کے تحت کسی کو سنسنی پھیلانے نہیں دیں گے
اسلام آباد (آ ئی این پی) مسلم لیگ( ن) کے رہنماء طلال چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے پاس دلیل کی بنیاد پر بات کرنے کا فن نہیں ہے، کتابیں اچھالنا اور بیہودگی کرنا ان کا وتیرہ ہے،پی ٹی آئی میں ون مین شو چل رہا ہے،جب چاہے عمران خان مذاکرات پر راضی ہو جاتا ہے جب چاہے مسترد کر دیتا ہے۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک انتشاری جماعت ہے،ان کا کام صرف الزام لگانا ہے،یہ سنجیدہ مذاکرات کرنا ہی نہیں چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے جو چارٹر آف ڈیمانڈ کے تحت ٹائم فریم دیا تھا اس میں ابھی کافی دن باقی ہیں،28جنوری تک مذاکرات جاری رہنا چاہیے تھے مگر انہوں نے پہلے ہی معطل کر دئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات جاری ہوتے ہیں اور جیل سے پیغام آجاتا ہے تو یہ مذاکرات روک دیتے ہیں،کیا دلیل کی بنیاد پر ان کے مذاکرات جاری رکھنے اور نہ رکھنے کا کوئی طریقہ کار ہے۔انہوں نے کہا کہ پیکا ایکٹ کے تحت کسی کو سنسنی پھیلانے نہیں دیں گے ،یہ قانون ان لوگوں کے خلاف ہے جو ملک کے اندر سنسنی پھیلا رہے ہیں۔