معاشی طور پر بااختیار نہ ہونے کی وجہ سے خواتین زندگی کے تمام امور ومعاملات میں مردوں کی محتاج ہیں،جعفرخان مندوخیل
کوئٹہ(آئی این پی )گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم انسانی حقوق کی پاسداری بالخصوص اپنی خواتین کے حقوق اور تحفظ سے کسی صورت بھی لاتعلق نہیں ہو سکتے، عورتوں کی بلند عظمت اور وقار کو اجاگر کرنے کیلئے گورنر ہائوس کوئٹہ سے آغاز ہوچکا ہے اور اب آنے والے سولہ دن تک مسلسل شعوروبیداری کی بھرپور عوامی مہم جاری و ساری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین پر تشدد کے خلاف سولہ دن ایکٹیویزم کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس پروقار تقریب میں یو این ویمن، ڈبلیو ایچ او اور ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ بلوچستان سمیت کئی اداروں کے نمائندے موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی ڈپٹی سپیکر غزالہ گولہ، ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر ربابہ خان بلیدی، نسیم الرحمن ملاخیل، صوبائی سیکرٹریز سائرہ عطا، فوزیہ شاہین، ثنا درانی، ڈاکٹر نور، سعدیہ عطا، عائشہ حدود اور اسفندیار شیرانی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے شرکت کی۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ خواتین کسی بھی انسانی معاشرے کی زینت و وقار ہیں جن کے تمام حقوق و اختیارات کی پاسداری ہم سب کی ذمہ داری ہے، عورت کامرد کے ساتھ رشتہ ماں کی شکل میں ہو یا بہن، بیوی کی شکل میں یا بیٹی، عزت و احترام کے لائق ہے۔ گورنر نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ خواتین معاشی طور پر بااختیار نہ ہونے کی وجہ سے زندگی کے تمام امور ومعاملات میں مردوں کی محتاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین پر تشدد کی روک تھام کیلئے کی جانے والی ہر کوشش لائقِ تحسین ہے، ہمیں یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ بچوں کو مناسب تعلیم وتربیت فراہم کرنے اور گھریلو معاملات چلانے میں خواتین مردوں سے بہتر رہنمائی فراہم کرسکتی ہیں۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے تقریب کے منتظمین اور شرکا میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔