لاہور: پنجاب اسمبلی کی تاریخ کی پہلی پارلیمانی جوڈیشل کمیٹی کے اجلاس میں ڈی پی او قصور آفتاب پھلروان کو باقاعدہ شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
اجلاس کے دوران ڈی پی او قصور آفتاب پھلروان کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے، جہاں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں قواعد و ضوابط کے مطابق طلبی کا نوٹس جاری نہیں کیا گیا تھا۔کمیٹی کے فیصلے کے بعد سیکرٹری پنجاب اسمبلی کے دفتر نے شوکاز نوٹس کی تیاری کا عمل شروع کر دیا ہے۔ نوٹس جاری ہونے کے بعد ڈی پی او قصور پیر کے روز دوبارہ پارلیمانی جوڈیشل کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر اپنا تحریری جواب جمع کرائیں گے۔اجلاس میں کمیٹی کے ارکان شوکت راجہ، نورالامین وٹو، چوہدری افتخار حسین چچھر، ملک نوشیر خان، محمد اشرف رسول اور امجد علی جاوید بھی شریک ہوئے، جنہوں نے معاملے پر تفصیلی غور کے بعد شوکاز نوٹس جاری کرنے کی منظوری دی۔